پیرس،18جون؍(آئی این ایس انڈیا)فرانس کے صدر فرانسوا اولاند اور وزیراعظم مانوئل والس سے ہاتھ ملانے سے انکار کرنے والے فرانسیسی پولیس اہل کار کے فعل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹوں پر دھوم مچا دی ہے۔یہ واقعہ جمعے کے روز اُن دو افراد (ایک پولیس اہل کار اور اس کی ساتھی خاتون) کی یاد میں منعقد ہونے والی تقریب میں پیش آیا جن کو پیر کے روز پیرس کے شمال مغرب میں واقع علاقے مینگنن ول میں قتل کردیا گیا تھا۔مقامی میڈیا میں وہ وڈیو زیرگردش ہے جس میں ایک پولیس اہل کار صدر اولاند اور وزیراعظم والس سے ہاتھ ملانے سے انکار کرتا ہوا نظر آرہا ہے۔ مذکورہ اہل کار نے پولیس کے شعبے میں مطلوبہ آلات کی قلت پر احتجاج کے اظہار کے لیے مصافحے سے انکار کر دیا۔شرمندگی کا باعث اس موقف کا سامنا کرنے کے باوجود صدر اولاند نے تقریب میں موجود بقیہ شخصیات سے مصافحے کا عمل پورا کیا اور اس حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔کچھ دیر بعد فرانسیسی وزیراعظم شرکاء سے مصافحہ کرتے ہوئے اسی پولیس اہل کار کے پاس پہنچے تو انہیں بھی اسی قسم کی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا کیوں کہ اہل کار نے ان سے بھی ہاتھ ملانے سے قطعا انکار کردیا تھا۔ تاہم وڈیو کے مطابق والس نے اس رویے کو مسترد کردیا اور مذکورہ پولیس اہل کار کے ساتھ اس حرکت کی وجوہات کے بارے میں بات چیت کی۔یہ تقریب پیر کی شب چاقو کے واروں سے ہلاک کردیے جانے والے 42 سالہ پولیس اہل کار Jean-Baptiste Salvaingاور اس کی 36سالہ خاتون ساتھی Jessica Schneiderکی یاد میں منعقد کی گئی تھی۔